امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی ایران کے ساتھ اہم مذاکرات میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ میرا سوئٹزرلینڈ میں ایک سے دو روز قیام متوقع ہے جہاں ایران کے ساتھ مختلف اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کا بنیادی مقصد جوہری پروگرام سے متعلق معاملات میں پیش رفت حاصل کرنا اور لبنان میں جنگ بندی کے حوالے سے جاری سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
ادھر امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پہلے ہی سوئٹزرلینڈ پہنچ چکے ہیں جبکہ قطر کے نمائندے بھی مذاکراتی عمل میں شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور آج سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگا جس میں دونوں ممالک کے درمیان اہم علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔




















