مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی آج 73 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو 21 جون 1953 کو کراچی میں ذوالفقارعلی بھٹو کے گھر پیدا ہوئیں۔ برطانیہ اور امریکا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی ابھی تعلیم مکمل ہی کی تھی کہ ان کے والد ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا۔
والد کو پھانسی کے بعد بینظیر بھٹو کو نظربندی اور جلاوطنی کی صعوبتیں بھی برداشت کرنی پڑیں۔
1986 میں بینظیر بھٹو وطن واپس آئیں اور 1987 میں آصف علی زرداری سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔
1988 میں وہ تاریخ کی سب سے کم عمر اور اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوئیں تاہم 20 ماہ بعد ہی ان کی حکومت برطرف کردی گئی۔
علاوہ ازیں1993میں عوام نے انہیں دوسری بار مسند اقتدار پر بٹھایا لیکن 1996 میں ایک مرتبہ پھر ان کی حکومت ختم کردی گئی اور 1998 میں بی بی کو جلاوطنی اختیار کرنی پڑی۔
بینظیر بھٹو 18 اکتوبر 2007 کو وطن واپس پہنچیں تو کراچی میں ان کے قافلے پر خودکش حملہ ہوگیا جس میں وہ بال بال بچیں تاہم 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔
پہلے حملے کے ٹھیک 2 ماہ 9 دن بعد سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 میں راولپنڈی کے لیاقت باغ میں فائرنگ کر کے شہید کردیا گیا تھا۔














