Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

زمین کے بعد خلا میں بھی پاکستانی فٹبال کا راج، ناسا کا حیران کن تجربہ

ٹرائی اونڈا نام ہسپانوی زبان کے لفظ تین لہریں سے لیا گیا ہے

پاکستان میں تیار کی گئی فیفا 2026 کی جدید فٹبال اب صرف گراؤنڈ تک محدود نہیں رہی بلکہ خلا میں بھی اپنی موجودگی درج کروا چکی ہے۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کے خلابازوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر اس فٹبال کے ساتھ ایک دلچسپ سائنسی تجربہ کیا، جس نے کھیل اور سائنس دونوں کو ایک نئی سمت دے دی۔

یہ تجربہ آئی ایس ایس کے کپولا ماڈیول میں کیا گیا جہاں فٹبال کو مائیکرو گریویٹی میں آزادانہ طور پر تیرتے اور حرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

 

خلابازوں نے معروف اسپورٹس برانڈ ایڈیڈاس کی تیار کردہ ٹرائی اونڈا بال استعمال کی تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ خلا میں وزن کے بغیر ماحول کھیل کے بنیادی اصولوں کو کیسے متاثر کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس تجربے کا مقصد یہ سمجھنا تھا کہ زمین پر کششِ ثقل اور بیلنس کس طرح فٹبال کی رفتار اور سمت کو کنٹرول کرتے ہیں اور یہی اصول خلا میں کس طرح تبدیل ہو جاتے ہیں۔

ناسا پہلے بھی 2019 میں اسی نوعیت کا تجربہ کر چکا ہے مگر اس بار نئی بال کے ساتھ نتائج مزید دلچسپ قرار دیے جا رہے ہیں۔

فیفا کے مطابق ٹرائی اونڈا نام ہسپانوی زبان کے لفظ تین لہریں سے لیا گیا ہے جو 2026 کے ورلڈ کپ کی علامت ہے جس کی میزبانی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کریں گے۔

متعلقہ خبریں