واٹس ایپ نے صارفین کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے ایک بہترین فیچر کا اضافہ کردیا۔
دنیا بھر میں اربوں افراد کی جانب سے استعمال ہونے والی میسجنگ ایپ واٹس ایپ مسلسل نئے فیچرز کے اضافے کے باوجود اپنے حریف پلیٹ فارمز جیسے ٹیلی گرام اور سگنل سے مقابلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
میٹا کی ملکیت اس ایپ میں اب ایک ایسا فیچر شامل کیے جانے کی تیاری ہے جس کا صارفین طویل عرصے سے انتظار کررہے تھے، یعنی میسجز کو شیڈول کرنے کی سہولت۔
رپورٹس کے مطابق یہ حیران کن بات ہے کہ اب تک واٹس ایپ میں یہ بنیادی نوعیت کا فیچر موجود نہیں تھا تاہم اب اس کی آزمائش شروع کردی گئی ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے آئی او ایس ڈیوائسز کے بیٹا ورژن میں ’’شیڈول میسجز‘‘ فیچر کو دیکھا گیا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنے پیغام کو پہلے سے لکھ کر اس کی تاریخ اور وقت مقرر کرسکیں گے جس کے بعد وہ پیغام خودکار طور پر متعلقہ وقت پر بھیج دیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ آپشن چیٹ انفارمیشن اسکرین میں موجود ہوگا، جہاں صارفین بھیجنے سے پہلے شیڈول میسج کو ایڈٹ یا حذف بھی کرسکیں گے۔
فی الحال یہ فیچر صرف بیٹا ورژن تک محدود ہے، اس لیے ابھی یہ واضح نہیں کہ اسے تمام صارفین کے لیے کب تک باقاعدہ طور پر متعارف کرایا جائے گا۔




















