اسلام آباد: ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا کل پاکستان کا ایک روزہ دورے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی صدر دورے کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ صدر ایران اور پاکستانی قیادت کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوگی جبکہ ایرانی صدر کے دورے کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
اس کے علاوہ ملاقاتوں میں ایران-پاکستان تعلقات، سرحدی سلامتی، تجارت، توانائی، علاقائی رابطہ کاری اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی اور ایرانی مذاکرات، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد اور سوئٹزرلینڈ میں حالیہ اعلیٰ سطح رابطوں کا جائزہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہو سکتا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ توانائی تعاون، سرحدی تجارت اور دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے پر بھی گفتگو متوقع ہے جبکہ دونوں ممالک پہلے ہی تجارت کو نمایاں طور پر بڑھانے کے ہدف کا اظہار کر چکے ہیں۔




















