Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

افغانستان کی سرزمین سے نکلنے والے مشہور آخری امریکی فوجی نے اچانک استعفی دے دیا

لیفٹیننٹ جنرل کیون ایڈمرل کو ممکنہ طور پر نئے کمانڈر کے طور پر نامزد کیا جائے گا

افغانستان کی سرزمین سے امریکی فوج کے انخلا کے دوران نائٹ ویژن گیئر میں طیارے کے اندر سوار ہونے والے مشہور آخری فوجی جنرل کرس ڈونا ہو اچانک اپنی کمانڈ سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

امریکی فوج کے ایک اہم اور سینئر ترین جنرل کرس ڈوناہو آئندہ ہفتے اپنی کمانڈ سے دستبردار ہو رہے ہیں۔ فوج کے مطابق وہ یو ایس آرمی یورپ اینڈ افریقہ کی کمانڈ چھوڑ دیں گے جو دو براعظموں میں امریکی فوجی آپریشنز کی نگرانی کرتی ہے۔

فوجی ترجمان کے بیان کے مطابق جنرل کرسٹوفر ڈوناہو 2 جولائی 2026 کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوں گے۔ وہ گزشتہ 18 ماہ سے اس اہم ذمہ داری پر فائز تھے جبکہ یہ عہدہ عام طور پر تین سال کی مدت کے لیے دیا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ان کا اچانک انخلا ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی محکمہ دفاع میں اعلیٰ سطح پر بڑی تبدیلیاں جاری ہیں۔ دفاعی وزیر پیٹ ہیگستھ مبینہ طور پر پینٹاگون میں سینئر عسکری قیادت کی تنظیمِ نو اور کئی اعلیٰ افسران کی برطرفیوں یا تبدیلیوں کی نگرانی کر رہے ہیں جن میں آرمی چیف جنرل رینڈی جارج بھی شامل ہیں۔

مزید یہ کہ اطلاعات کے مطابق جنرل ڈوناہو کی کمانڈ کو چار ستارہ (فور اسٹار) سطح سے کم کر کے تین ستارہ پوزیشن میں تبدیل کرنے کا بھی منصوبہ ہے جسے فوجی ڈھانچے میں بڑی تنظیمی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

قواعد کے مطابق فور اسٹار جنرلز صرف اسی درجے کے عہدے پر خدمات انجام دے سکتے ہیں اور اگر اس سطح کی پوسٹ دستیاب نہ ہو تو انہیں ریٹائرمنٹ کا راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے۔

جنرل ڈوناہو کا فوجی کیریئر انتہائی شاندار رہا ہے، جس میں ایلیٹ ڈیلٹا فورس اور 82 ویں ایئر بورن ڈویژن کی کمان شامل ہے۔ وہ افغانستان سے امریکی انخلا کے دوران آخری امریکی فوجی کے طور پر بھی نمایاں ہوئے تھے جب انہیں نائٹ ویژن گیئر میں C-17 طیارے میں سوار ہوتے دیکھا گیا تھا اور پوری دنیا میں یہ تصویر وائرل ہوئی تھی۔

فوج کے مطابق ان کی جگہ عارضی طور پر میجر جنرل کرسٹوفر نوری جو یو ایس آرمی یورپ اینڈ افریقہ کے ڈپٹی کمانڈر ہیں ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل کیون ایڈمرل کو ممکنہ طور پر نئے کمانڈر کے طور پر نامزد کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں