انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے نیوزی لینڈ کے خلاف فیصلہ کن تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا حیران کن اور جذباتی اعلان کر دیا ہے۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بین اسٹوکس نے اپنے ڈریسنگ روم میں ساتھی کھلاڑیوں کو بتایا کہ یہ میرے بطور کپتان آخری دو دن ہیں اور انگلینڈ کی نمائندگی میں بھی آخری دو دن ہیں۔
یہ دھماکہ خیز اعلان میچ کے چوتھے دن کھیل کے آغاز پر سامنے آیا جبکہ سیریز 1-1 سے برابر تھی اور فیصلہ پانچویں دن پر جانا تھا۔
One of England’s all-time greatest captains, Ben Stokes, has decided to retire from international cricket at the end of this Test match.
Ben, you have been the most inspirational captain, leader and legend this team could have ever hoped for.
We love you so much and wish you… pic.twitter.com/U5grq0F0kj
— England Cricket (@englandcricket) June 28, 2026
اسٹوکس نے کہا کہ وہ بہت کچھ پہلے بھی اس ٹیم کے لیے قربان کر چکے ہیں اور اب ایک آخری سفر باقی ہے۔ حیرت انگیز طور پر اعلان کے چند لمحوں بعد ہی انہوں نے وکٹ بھی حاصل کی جس پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے کھڑے ہو کر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
35 سالہ بین اسٹوکس گزشتہ 15 برسوں سے انگلینڈ کرکٹ کا اہم ستون رہے ہیں۔ 2019 ورلڈ کپ فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخی کارکردگی اور 2022 ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے میں ان کا کردار ناقابلِ فراموش رہا ہے اسی سال وہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بھی بنے۔
آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے 122 ٹیسٹ میں انگلش ٹیم کی نمائندگی کی، 114 ون ڈے اور 43 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے۔
تاہم ان کے فیصلے کے پس منظر میں حالیہ تنازع بھی سامنے آیا ہے جب انہیں دوسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کیا گیا تھا۔ اس معاملے کی تحقیقات کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے انہیں اور گس ایٹکنسن کو وارننگ دی تھی اگرچہ بعد میں ریگولیٹرز نے کہا کہ واضح خلاف ورزی ثابت نہیں ہو سکی۔
ای سی بی چیئرمین نے اسٹوکس کو انگلینڈ کرکٹ کی سب سے بڑی شخصیات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک کپتان، بلے باز، بولر اور میچ ونر سب کچھ تھے، جن کی کمی محسوس کی جائے گی۔
بین اسٹوکس کے اس فیصلے نے کرکٹ شائقین کو شدید جذباتی کر دیا ہے اور سوشل میڈیا پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔


















