ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، تقریب میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
پاکستان ہاؤس انقرہ میں منعقدہ یومِ آزادی کی تقریب میں ترکیہ کے اعلیٰ حکام، عسکری قیادت، مختلف ممالک کے سفرا، سفارتی نمائندوں، پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سیلچوق بایراکتار اولو، ترک بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ارجمند طاطلی اولو، بری فوج کے کمانڈر جنرل متین توکل اور فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا جمال قادی اولو سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔ پاکستان ایمبیسی انٹرنیشنل اسٹڈی گروپ اسکول کے طلبہ و طالبات نے ملی نغموں اور روایتی رقص پر مشتمل ثقافتی پروگرام پیش کیا جسے شرکاء نے سراہا۔
اس موقع پر پاکستان کے تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی ورثے، قدرتی حسن، سیاحتی مقامات اور سماجی و اقتصادی ترقی کو اجاگر کرنے والی خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
پاک ترک کے درمیان غیرمعمولی برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جودت یلماز
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک نائب صدر جودت یلماز نے صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان گہرا اور غیر معمولی برادرانہ تعلق قائم ہے۔
جودت یلماز نے جنگِ آزادیِ ترکیہ کے دوران برصغیر کے مسلمانوں کی جانب سے ترک قوم کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
ترک نائب صدر نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے پاک ترک اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے اور علاقائی سطح پر تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جبکہ ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سہ فریقی تعاون کے فروغ کو اہم قرار دیا۔
پاکستانی سفیر کا پاک ترک شراکت داری کے فروغ پر زور
اس سے قبل ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت اور تحریکِ پاکستان کے دوران دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک ترک شراکت داری وقت کے ساتھ مختلف شعبوں میں وسعت اختیار کر رہی ہے اور دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔

پاکستانی سفیر کے مطابق دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کے مشترکہ وژن نے دیرینہ دوستی کو ایک مضبوط اور کثیرالجہتی شراکت داری میں تبدیل کر دیا ہے۔
تقریب کے اختتام پر ترک نائب صدر جودت یلماز نے قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت کی 150ویں سالگرہ کے سلسلے میں پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے منعقدہ خصوصی تصویری نمائش کا افتتاح بھی کیا۔
نمائش میں قائداعظم کی زندگی، سیاسی بصیرت، قیادت، جدوجہد اور تاریخی ورثے کے مختلف پہلوؤں کو تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا گیا جبکہ تحریکِ پاکستان اور بانیٔ پاکستان کے تصورِ پاکستان سے متعلق اہم جھلکیاں بھی نمائش کا حصہ تھیں۔



















