Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیٹرول و ڈیزل مزید مہنگا ہونے کا امکان، حکومت پیٹرولیم ڈیلرز کے دباؤ میں آگئی

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی۔

کراچی: حکومت نے پیٹرولیم ڈیلرز کا فی لیٹر مارجن بڑھادیا جس کے بعد پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدابخش نے ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیرِ پیٹرولیم سے گزشتہ ملاقات خوشگوار ماحول میں نہیں ہوئی تھی تاہم بعد ازاں ان سے تقریباً آدھے گھنٹے تک ٹیلی فون پر تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں ڈیلرز کے منافع میں اضافے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ پیٹرولیم نے وزیرِ اعظم سے خصوصی منظوری کے بعد فی لیٹر منافع میں 1 روپے 34 پیسے اضافے کا عندیہ دیا ہے جب کہ ان کی مداخلت پر اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے۔

ملک خدابخش کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے کوٹہ سسٹم کے خاتمے کے معاملے پر بھی ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جس کے باعث پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں آج ہونے والی ہڑتال مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزارتِ پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ رد و بدل کے نظام سے متعلق سمری وزیرِ اعظم کو ارسال کردی ہے۔ حکومت کے پاس گزشتہ تین برس کی مہنگائی کے تناظر میں ڈیلرز کی انفلیشن ایڈجسٹمنٹ کے لیے تقریباً 50 ملین ڈالر کی رقم موجود ہے۔

چیئرمین ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ تبدیلی کے موجودہ نظام کو تبدیل کرکے سات روزہ بنیادوں پر لانے کی تجویز بھی زیر غور ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیرِ اعظم کی منظوری کے بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کرے گی۔

دریں اثنا پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر طارق حسن نے کہا کہ مجوزہ اضافے کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز کا فی لیٹر مارجن بڑھ کر10  روپے ہوجائے گا۔