اسلام آباد: پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ایسے اقدامات سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے جو خطے کے امن و استحکام کو مزید نقصان پہنچاسکتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ میں کسی نئے تنازع کا آغاز کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں، اس لیے تمام متعلقہ ممالک ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور حالات کو مزید بگاڑنے سے اجتناب کریں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسلسل رابطہ، مذاکرات اور سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے جس کے ذریعے اختلافات کو پرامن انداز میں حل کیا جاسکتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے تمام فریقین پر اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کی اپیل کی ہے جو خطے میں باہمی احترام، افہام و تفہیم اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔
بیان میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی میں کمی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

















