اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج جدید جنگی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر لحاظ سے مکمل طور پر تیار ہیں جب کہ ریاستی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹنگ افسران سے خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی نے ان کا استقبال کیا۔
خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کے مطابق قومی دفاعی حکمت عملی کو مسلسل بہتر بنایا جارہا ہے تاکہ ملک کو درپیش روایتی اور غیر روایتی خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیاں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاہم ان کے تمام مذموم عزائم ناکام ہوں گے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاستی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس، سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ان کی محفوظ پناہ گاہوں کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگیں میڈیا کے شور یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد، نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور مضبوط عزم سے جیتی جاتی ہیں۔
فیلڈ مارشل کہتے ہیں کہ پاکستان کی مسلح افواج کا مورال، پیشہ ورانہ صلاحیت اور آپریشنل تیاری مثالی ہے جو ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے گریجویٹنگ افسران پر زور دیا کہ وہ دیانت، بے لوث خدمت، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی مفاد کو ہمیشہ اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھیں اور ملک و قوم کے دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری لگن سے انجام دیں۔


















