Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیرِ اعظم کی سمیڈا کو نوجوانوں اور خواتین کاروباری افراد کی معاونت بڑھانے کی ہدایت

ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی میں سہولیات فراہم کی جائیں،وزیراعظم

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں ایس ایم ایز کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے قرضوں تک آسان رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو جامع حکمتِ عملی مرتب کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے جائزہ اجلاس میں ایس ایم ایز سیکٹر کی ترقی، برآمدات کے فروغ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے سے متعلق مختلف امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی میں سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایس ایم ایز کی استعداد کار بڑھانے، خصوصاً کسانوں کی اجناس اور پھلوں کی پراسیسنگ کے شعبے میں آگاہی، تربیت اور مالی معاونت فراہم کی جائے۔

انہوں نے کمرشل بینکوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ وہ ایس ایم ای سیکٹر کے لیے خصوصی قرضہ جاتی مصنوعات متعارف کرائیں اور کاروبار کے آغاز اور توسیع کے مختلف مراحل خصوصاً فیزیبلٹی اسٹڈیز کی تیاری میں بھی ایس ایم ایز کو بھرپور معاونت فراہم کی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں جبکہ سمیڈا نوجوانوں بالخصوص خواتین کاروباری شخصیات کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار قائم کرنے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے۔

اجلاس کے دوران سمیڈا حکام نے ادارے کی جانب سے ایس ایم ایز سیکٹر کی معاونت کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ پاکستانی ایس ایم ایز کی عالمی منڈیوں تک رسائی اور برآمدات میں اضافے کے لیے رواں سال 700 ایس ایم ایز کی 16 بین الاقوامی تجارتی نمائشوں اور ایونٹس میں شرکت یقینی بنائی گئی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کے 35 شہروں میں ایس ایم ایز کو مالی ضابطوں، کاروباری منصوبہ بندی اور دیگر متعلقہ امور پر تربیت فراہم کی گئی، جبکہ مختلف ترقیاتی اقدامات کے ذریعے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

اجلاس کے اختتام پر وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ سمیڈا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور کمرشل بینکوں کے اشتراک سے ایس ایم ایز کی قرضوں تک رسائی آسان بنانے کے لیے ایک جامع لائحۂ عمل جلد از جلد تیار کیا جائے۔

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور شعبے کے ماہرین نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔