Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نماز جنازہ ادا؛ ایئرچیف مارشل کی شرکت

شہید افسر کی قربانی پاک فضائیہ اور مسلح افواج کی اعلیٰ ترین روایات کی عکاس ہے، ایئر چیف مارشل

راولپنڈی: پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نماز جنازہ میں ایئرچیف مارشل سمیت اعلیٰ عسکری اور سول حکام نے بھی شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شرکاء نے بہادر افسر کو خراجِ عقیدت اور عظیم قربانی کو سلام پیش کیا جب کہ شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

یاد رہے کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید نے اسلام آباد میں خاتون کو بچاتے ہوئے بہادری سے جام شہادت نوش کیا تھا۔

اس موقع پر چیف آف دی ایئر اسٹاف نے کیپٹن عاصم طارق شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید افسر کی قربانی پاک فضائیہ اور مسلح افواج کی اعلیٰ ترین روایات کی عکاس ہے۔

ایئرچیف مارشل کا کہنا تھا کہ شہید افسر نے شہری کی جان، عزت و وقار کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کی۔ پاک فضائیہ وطن کے دفاع کے ساتھ ہم وطنوں کی جان، عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے بھی پرعزم ہے۔

متعلقہ خبریں