نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق نے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کےدرمیان مضبوط روابط قائم ہیں۔
اسلام آباد میں کروشیا کے وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ نیوز بریفنگ کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان خیرسگالی، باہمی اعتماد اور دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد کروشیا سے اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان آیا ہے، جس سے دوطرفہ روابط کو نئی جہت ملے گی۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کروشیا کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ پاکستان اور کروشیا نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی، تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک نے سیاسی مشاورتی عمل کو فعال بنانے، نجی شعبے کے درمیان روابط بڑھانے اور باہمی تجارتی حجم میں اضافے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں کروشین کمپنیوں کی موجودگی اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا جاتا ہے، جبکہ کروشیا کو پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ زراعت، تحقیق، رابطہ کاری، پائیدار ترقی اور اقتصادی انضمام دونوں ممالک کے مشترکہ وژن کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بندرگاہ خطے میں تجارت اور رابطہ کاری کے فروغ کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور دونوں ممالک کی بندرگاہوں کے درمیان تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ دوطرفہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا ہے، جبکہ اسلام آباد میں کروشین ویزا پراسیسنگ سہولت کے قیام کے لیے کوششیں جاری ہیں تاکہ پاکستانی شہریوں کو ویزا کے حصول کے لیے کسی تیسرے ملک جانے کی ضرورت نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان تجارت میں اضافہ خوش آئند ہے، جبکہ جی ایس پی پلس اسکیم پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی تعاون کا اہم ستون ہے۔ ان کے مطابق پاکستان 2027 میں جی ایس پی پلس کے لیے دوبارہ درخواست دینے کی تیاری کر رہا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کے لیے قانونی روزگار کے مواقع بڑھانے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کثیرالجہتی نظام کے فروغ کے لیے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔
اس موقع پر کروشیا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں اور ان کا دورہ دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے پاکستان کی شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے ٹیکنالوجی، خدمات اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
کروشین وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد ایک خوبصورت اور پُرامن شہر ہے جبکہ کروشیا یورپی منڈیوں تک رسائی کے حوالے سے اہم جغرافیائی حیثیت رکھتا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے مزید امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔
قبل ازیں وزارت خارجہ آمد پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا، جس کے بعد اسحاق ڈار نے کروشیا کے وزیر خارجہ کا وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام سے تعارف بھی کرایا۔

















