بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں مشترکہ آپریشن “شعبان” کے دوران مزید 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ 5 روز کے دوران مختلف کارروائیوں میں مارے جانے والے خوارجی دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 117 ہو گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کر رہی ہیں، جس میں زمینی اور فضائی کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق تازہ کارروائیوں میں مزید 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ آپریشن شعبان کے دوران اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 79 تک پہنچ چکی ہے۔ اس کے علاوہ 5 جولائی سے جاری آپریشنز میں دیگر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں سمیت مجموعی طور پر 117 خوارجی دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا چکا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن شعبان میں کامیابیوں پر پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر زمینی اور فضائی کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کا اظہار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا امن خراب کرنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 117 دہشت گردوں کا خاتمہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سیکیورٹی ادارے پوری طرح متحرک اور چوکس ہیں، جبکہ پوری قوم امن کے قیام کے لیے فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔















