Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یورپ جانے کی خواہش، 4 سال میں سیکڑوں پاکستانیوں کو سمندر نگل گیا

جانی نقصان کے باوجود غیر قانونی طریقوں سے یورپ جانے کی کوششوں کا سلسلہ جاری ہے

غیر قانونی راستوں سے یورپی ممالک جانے کی کوشش میں پاکستانیوں کی جانیں مسلسل ضائع ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایف آئی اے کی سرکاری دستاویز کے مطابق گزشتہ 4 سال کے دوران ڈنکی لگا کر بیرون ملک جانے کی کوشش میں پیش آنے والے 7 مہلک کشتی حادثات میں 335 پاکستانی جاں بحق ہو چکے ہیں۔

سرکاری دستاویز کے مطابق جون 2023 سے اب تک رپورٹ ہونے والے کشتی حادثات میں سب سے بڑا حادثہ یونان کے قریب پیش آیا جہاں جون 2023 میں 226 پاکستانی سوار تھے۔ حادثے میں 207 پاکستانی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 19 افراد کو بچا لیا گیا۔

دسمبر 2024 میں یونان جانے والی ایک اور کشتی حادثے کا شکار ہوئی جس میں 69 پاکستانی شامل تھے۔ اس حادثے میں 25 پاکستانی جاں بحق جبکہ 44 زندہ بچ گئے۔

ایف آئی اے ریکارڈ کے مطابق جنوری 2025 میں مراکش کے قریب پیش آنے والے حادثے میں 70 پاکستانی سوار تھے جبکہ فروری 2025 میں لیبیا کے قریب کشتی حادثے میں 40 پاکستانیوں کی شناخت ہوئی، جن میں 23 جاں بحق اور 13 افراد زندہ بچ گئے۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2025 اور 2026 کے دوران لیبیا سے ڈنکی کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش میں کشتی ڈوبنے کے 4 بڑے حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 102 پاکستانی متاثر ہوئے 71 جاں بحق جبکہ 30 افراد کو بچا لیا گیا۔

ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں جانی نقصان کے باوجود غیر قانونی طریقوں سے یورپ جانے کی کوششوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک بھی لوگوں کو خطرناک سفر پر آمادہ کر رہے ہیں۔

دستاویز کے مطابق کشتی حادثات میں ہونے والی ہلاکتیں ڈنکی کے خطرناک راستوں کے حوالے سے ایک بار پھر بڑا سوال کھڑا کر رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں