Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شیخ حسینہ کی وطن واپسی کی آخری اُمید بھی دم توڑ گئی، صدر نے استعفیٰ دے دیا

محمد شہاب الدین بطور صدر مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف بھی تھے

بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے صحت کے سنگین مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ صدر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ 76 سالہ شہاب الدین نے طبی وجوہات کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا۔

محمد شہاب الدین اپریل 2023 سے بنگلہ دیش کے صدر کے منصب پر فائز تھے۔ ان کا دورِ صدارت ایک ایسے وقت میں گزرا جب ملک 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی احتجاجی تحریک سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے اور سیاسی بحرانوں سے گزر رہا تھا۔

صدر شہاب الدین نے اپنے بیان میں کہا کہ حالیہ طبی معائنوں میں انہیں خود مختار نیوروپیتھی کی تشخیص ہوئی ہے جس کے باعث انہیں بعض اوقات عارضی طور پر ہوش میں کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ان کے استعفے کے بعد سابق وزیراعظم شیخ حسینہ، جو ان کی سیاسی اتحادی سمجھی جاتی تھیں کے لیے صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شہاب الدین کے عہدہ چھوڑنے سے شیخ حسینہ کی ممکنہ واپسی سے قبل ان کا ایک اہم سیاسی رابطہ ختم ہوگیا ہے۔

شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی عائد ہے جبکہ 2024 میں حکومت کے خاتمے کے بعد پارٹی کے کئی رہنما اور کارکن یا تو جیلوں میں ہیں یا روپوش ہیں۔

بنگلہ دیشی حکام کے مطابق نئے صدر کے انتخاب تک قومی پارلیمنٹ جتیہ سنگساد کے اسپیکر صدر کے فرائض انجام دیں گے۔

محمد شہاب الدین بطور صدر مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف بھی تھے تاہم بنگلہ دیش کے آئینی نظام میں زیادہ تر انتظامی اختیارات وزیراعظم اور کابینہ کے پاس ہوتے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر شہاب الدین کے استعفے کی خبر ایک روز قبل ہی سامنے آگئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ وہ جمعہ کو عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں