Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فرانس کے جنگلات میں خوفناک آتشزدگی، فائر ٹینڈرز بھی بے بس، ہزاروں افراد کا انخلاء

سیکڑوں فائر فائٹرز اور خصوصی فائر فائٹنگ طیارے اور ہیلی کاپٹر مسلسل کارروائیوں میں مصروف ہیں

فرانس کے جنوب مغربی ساحلی علاقے میں لگنے والی شدید جنگلاتی آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جس کے باعث ہزاروں افراد کو اپنے گھر اور رہائش گاہیں چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا جبکہ معروف سیاحتی علاقہ لیژ-کاپ فیرے بھی خطرے کی زد میں آ گیا ہے۔

حکام کے مطابق گیروند کے جنگلات میں بھڑکنے والی آگ تیزی سے پھیلتے ہوئے اب تک 3 ہزار 100 ہیکٹر سے زائد رقبے کو جلا چکی ہے۔ آسمان تک بلند ہوتے شعلے اور دھوئیں کے گھنے بادل دور دراز علاقوں سے بھی واضح دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ شدید گرمی اور تیز ہوائیں آگ کو مزید بھڑکا رہی ہیں۔

صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر فرانسیسی حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 20 ہزار رہائشیوں اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔ متعدد کیمپ سائٹس، رہائشی بستیاں اور اہم سڑکیں خالی کرا لی گئی ہیں جبکہ متاثرہ علاقے میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔

آگ پر قابو پانے کے لیے سیکڑوں فائر فائٹرز، خصوصی فائر فائٹنگ طیارے اور ہیلی کاپٹر مسلسل کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ خشک موسم، شدید گرمی اور تیز رفتار ہوائیں امدادی ٹیموں کے لیے بڑی رکاوٹ بن رہی ہیں، جس کی وجہ سے آگ کے مزید پھیلنے کا خدشہ برقرار ہے۔

فرانسیسی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کا رخ نہ کریں اور صرف سرکاری اداروں کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں جبکہ آگ پر قابو پانے اور عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں