Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران پر نئے امریکی حملے؛ مشرقِ وسطیٰ میں خصوصی فوجی دستوں کی تعیناتی شروع

وائٹ ہاؤس ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں مزید توسیع پر غور کر رہا ہے

امریکا نے ایران کے خلاف اپنی فوجی کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے مبینہ طور پر مسلسل بارہویں روز ایرانی فوجی اہداف پر فضائی حملے کیے جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں اضافی فوجی دستے، جنگی سازوسامان اور طبی عملہ بھی روانہ کر دیا گیا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر بدھ کی شام امریکی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 30 منٹ پر ایرانی فوجی اہداف کے خلاف نئی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

سینٹکام نے کہا کہ ان حملوں کا مقصد ایران کی اس صلاحیت کو مزید محدود کرنا ہے جس کے ذریعے وہ علاقائی سمندری راستوں سے گزرنے والے تجارتی جہازوں اور شہری بحری آمدورفت کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اور عراق کے درمیان واقع شلامچہ سرحدی گزرگاہ کے قریب ایک علاقے کو امریکی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ میڈیا نے حملے کی تصاویر بھی جاری کی ہیں تاہم حملے کی نوعیت، نقصانات یا ممکنہ جانی نقصان سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

دوسری جانب امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں مزید توسیع پر غور کر رہا ہے اور اسی تناظر میں امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں اضافی فوجی، طبی عملہ اور جدید ہتھیار منتقل کرنا شروع کردیے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی اسپیشل آپریشنز فورسز خطے میں پہنچ چکی ہیں جبکہ مشرقِ وسطیٰ کے مختلف مقامات پر لڑاکا طیارے بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں