Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آزاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ؛ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ جاری

میرپور ڈویژن میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 437 ہے۔

میرپور: آزاد کشمیر قانون ساز  اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں جن میں ضلع میرپور کی 4، بھمبر کی 3 اور کوٹلی کی 6 نشستوں پر میں پولنگ کا وقت صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے تک جاری رہا جب کہ ان حلقوں میں مجموعی طور پر 288 امیدوار مدمقابل ہیں۔

انتخابی میدان میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے جب کہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) اور آزاد امیدوار بھی کامیابی کے لیے انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتائج

اب تک کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق 13 میں سے ن لیگ کا 8 نشستوں پر پلڑا بھاری  ہے جب کہ 5 نشستوں پر پیپلزپارٹی کے امیدوار آگے ہیں۔

میرپورکی 4 میں سے 3 نشستوں پر ن لیگ آگے جب کہ ایل اے 2 میرپور میں پیپلزپارٹی کا امیدوار آگے۔ بھببھر کی 3 میں سے 2 نشستوں پر ن لیگ کے امیدوار آگے جب کہ ایک پر پیپلزپارٹی کی پوزیشن مضبوط، کوٹلی کی 6 میں سے 3 نشستوں پر پیپلزپارٹی کے امیدوار آگے اور ن لیگ پیچھے۔

خیال رہے کہ میرپور ڈویژن میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 437 ہے جن میں 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

پہلے مرحلے کے انتخابات کے لیے 2 ہزار 316 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 1 ہزار 241 کو انتہائی حساس اور 724 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔

امن و امان برقرار رکھنے کے لیے میرپور ڈویژن میں 18 ہزار 560 سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جب کہ پاک فوج کے 2 ہزار 100 جوان بھی انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ شفاف اور پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں