Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

12 اگست کو سورج گرہن کا ایسا نایاب فلکیاتی نظارہ جسے دیکھ کر دنیا دنگ رہ جائے گی

پاکستان کے شہری براہ راست اس مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ نہیں کر سکیں گے

دنیا بھر کے فلکیات کے شوقین افراد ایک ایسے غیر معمولی منظر کے منتظر ہیں جو 12 اگست 2026 کو آسمان پر سجنے والا ہے۔ اس روز مکمل سورج گرہن ہوگا، جسے ماہرین حالیہ برسوں کے سب سے دلچسپ فلکیاتی واقعات میں شمار کر رہے ہیں۔

اس سورج گرہن کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ دنیا کے کچھ حصوں میں لوگ اسے سورج غروب ہونے کے عین وقت دیکھ سکیں گے۔ افق پر ڈوبتے سورج کے ساتھ چاند کا سورج کو مکمل طور پر ڈھانپ لینا ایک ایسا منظر ہوگا جو انتہائی کم مواقع پر دیکھنے کو ملتا ہے۔

ماہرین کے مطابق مکمل سورج گرہن کا راستہ محدود علاقوں سے گزرے گا، جہاں گرین لینڈ، آئس لینڈ، شمالی اسپین اور پرتگال کے کچھ حصے شامل ہیں۔ خاص طور پر شمالی اسپین میں غروبِ آفتاب کے وقت مکمل گرہن کا نظارہ دنیا بھر کے فوٹوگرافرز اور فلکیاتی ماہرین کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔

یورپ اور شمالی افریقا کے کئی ممالک میں لوگ اس فلکیاتی واقعے کا جزوی مرحلہ دیکھ سکیں گے، جبکہ روس کے بعض علاقوں میں سورج طلوع یا غروب ہونے کے دوران جزوی گرہن کا منفرد منظر دیکھا جا سکے گا۔

پاکستان میں سورج گرہن نظر نہیں آئے گا

پاکستان کے شہری براہ راست اس مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ نہیں کر سکیں گے تاہم فلکیاتی حسابات کے مطابق گرہن کے مراحل پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 34 منٹ پر شروع ہوں گے۔ مکمل گرہن کا مرحلہ رات 12 بج کر 12 منٹ پر ہوگا جبکہ یہ فلکیاتی واقعہ رات 2 بج کر 58 منٹ پر اختتام پذیر ہو جائے گا۔

ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ سورج غروب ہونے کے وقت مکمل سورج گرہن کا منظر ایک نایاب موقع ہوتا ہے، اسی لیے 12 اگست 2026 کا گرہن دنیا بھر کے آسمان کے شوقین افراد کے لیے ایک یادگار تجربہ ثابت ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں