Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عوام کو پٹرول کی قیمتوں میں ریلیف ملے گا یا نیا نظام آئے گا؟ حکومت نے پلان تیار کرلیا

کمیٹی نے اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر اور پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کے قیام کے ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا

پٹرولیم سیکٹر میں اصلاحات اور مرحلہ وار ڈی ریگولیشن کی جانب اہم پیش رفت سامنے آگئی حکومت نے قیمتوں کے نظام کو مزید شفاف بنانے کے لیے نئے اقدامات پر کام تیز کردیا۔

وزیراعظم کی قائم کردہ پٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا پانچواں اجلاس وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت ہوا، جس میں آئل سیکٹر کی بہتری، قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار اور مارکیٹ اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کمیٹی اراکین نے روزانہ پٹرولیم قیمتوں کے تعین کے نئے فارمولے کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئے میکنزم سے شفافیت میں اضافہ اور قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ہدایت کی کہ آئل سیکٹر کی ڈی ریگولیشن کے لیے واضح اہداف اور سنگ میل مقرر کیے جائیں، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پٹرولیم سپلائی چین کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کا ذمہ دار بنایا جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اوگرا کی ویب سائٹ پر روزانہ پٹرولیم قیمتوں، پرائسنگ فارمولے اور متعلقہ ڈیٹا کا ڈیش بورڈ فعال کردیا گیا ہے، جس سے عوام کو قیمتوں کے نظام سے متعلق معلومات تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔

کمیٹی نے اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر اور پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کے قیام کے ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ یہ اقدامات پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک اتار چڑھاؤ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ نئی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے قیام پر پابندی، مارکیٹ میں مقابلے، سرمایہ کاری اور آئل سیکٹر کے موجودہ ڈھانچے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

کمیٹی نے فریٹ مارجن پول کے طریقہ کار کا جامع جائزہ لینے پر اتفاق کیا، جبکہ وزارت خزانہ کو ہدایت کی گئی کہ ایف بی آر اور پٹرولیم ڈویژن سے مشاورت کے بعد ونڈ فال ٹیکس سے متعلق رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ پٹرولیم سیکٹر میں شفافیت، مسابقت، کارکردگی میں بہتری اور صارفین کے تحفظ کے لیے ایک جامع اصلاحاتی روڈ میپ تیار کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں