برطانیہ کے مشرقی علاقے سفوک میں خوفناک جنگلاتی آگ نے حکام کو ہنگامی اقدامات پر مجبور کردیا، جہاں بڑے پیمانے پر پھیلنے والی آگ کے بعد “میجر انسیڈنٹ” کا اعلان کردیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈن وچ ہیٹھ کے ساحلی علاقے میں بھڑکنے والی آگ نے تقریباً 14 فٹبال گراؤنڈز کے برابر رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس پر قابو پانے کے لیے درجنوں فائر فائٹرز کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
حکام نے احتیاطی طور پر قریبی گھروں اور ایک کارواں پارک کو خالی کرالیا، تاہم اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سفوک فائر اینڈ ریسکیو سروس کے مطابق آگ کی شدت اور صورتحال کی پیچیدگی کے باعث اسے بڑا واقعہ قرار دیا گیا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ قریبی سائزویل بی نیوکلیئر پاور اسٹیشن کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں، جو متاثرہ علاقے سے تقریباً 6.4 کلومیٹر دور واقع ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب انگلینڈ کے کئی علاقوں میں شدید گرمی اور کم بارش کے باعث خشک سالی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ ماحولیاتی ادارے کے مطابق انگلینڈ کے تقریباً نصف حصے کو باضابطہ طور پر خشک سالی سے متاثرہ قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب برطانیہ کی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے مشرقی انگلینڈ، لندن، ساؤتھ ایسٹ اور ایسٹ مڈلینڈز کے لیے گرمی کی شدت کے باعث ایمبر ہیلتھ الرٹ بھی جاری کردیا ہے۔




















