حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان جاری مذاکرات میں پیشرفت سامنے آئی ہے اور دونوں وفود کے درمیان آج دوبارہ اہم ملاقات ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے وفد کی نمائندگی نیر بخاری اور قمر زمان کائرہ کریں گے،جبکہ حکومتی وفد میں رانا ثناء اللہ، امیر مقام اور مرتضیٰ جاوید عباسی شامل ہوں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر اور ندیم افضل چن بھی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیپلزپارٹی نے حکومتی وفد کو انتخابی عمل سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور دعویٰ کیا کہ میرپور ڈویژن کے چار حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے شواہد حکومت کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جن حلقوں کا معاملہ اٹھایا گیا ان میں چوہدری یاسین، جاوید بڈھانوی، پرویز اشرف اور چوہدری اخلاق سے متعلق حلقے شامل ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آج کے مذاکرات میں پیپلزپارٹی مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی مخصوص نشستوں پر شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کا مطالبہ بھی پیش کرے گی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی کی مذاکراتی ٹیم نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو تفصیلی بریفنگ دی جس کے بعد پارٹی قیادت نے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات پر اعتماد کا اظہار کیا اور آئندہ دورِ مذاکرات کے لیے گرین سگنل دے دیا۔
















