سعودی عرب کی قیادت میں قائم کثیرالملکی بحری دفاعی اتحاد کی پاکستان، ترکی، مصر، قطر اور بحرین سمیت 14 ممالک نے حمایت کا اعلان کر دیا۔
سعودی عرب، پاکستان، ترکی، مصر، قطر اور بحرین نے اتحاد کی حمایت میں مشترکہ بیان جاری کیا جبکہ کویت، اردن، یمن، بنگلادیش، نائجیریا، سوڈان، جبوتی اور صومالیہ نے بھی اس دفاعی اتحاد کی تائید کا اظہار کیا۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے حوثی گروپ نے عراق کی سرزمین سے سعودی عرب پر حملے کیے جن میں سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں واقع تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ حملے عراقی ایران نواز مسلح گروپوں کے تعاون سے کیے گئے جبکہ سعودی عرب اور امریکا نے حملوں کے جواب میں ایران نواز گروہوں کے مبینہ ٹھکانوں پر فضائی کارروائیاں کیں۔
رائٹرز کے مطابق سعودی عرب کے خلاف کارروائیوں کی نگرانی ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے منسلک عناصر نے کی تاہم اس حوالے سے متعلقہ فریقین کی جانب سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عراقی حکومت نے حملوں کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ حوثیوں نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ کارروائیاں یمن میں سعودی فوجی اقدامات کے ردعمل میں کی گئیں۔




















