30 جولائی 2026 کو بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی تنظیم “فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا، جس کے دوران دھماکا خیز مواد سے بھری دو گاڑیاں تباہ کر دی گئیں اور چار دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران دھماکا خیز مواد سے بھری دو گاڑیوں، جنہیں وہیکل بورن امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائسز (VBIEDs) کے طور پر تیار کیا گیا تھا کی نقل و حرکت کو بروقت نشانہ بنایا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی فوری اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں، جبکہ انہیں چلانے والے بھارت کے حمایت یافتہ چار دہشت گرد بھی مارے گئے۔
علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ وہاں موجود کسی بھی دوسرے بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد کا سراغ لگا کر اسے ختم کیا جا سکے۔
قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

















