سافٹ ڈرنکس کے نقصانات سے کون واقف نہیں، یہ رنگ برنگے مشروبات شکر سے اور دیگر کیمیکلز سے بھرے ہوتے ہیں جو ذیابیطس اور بلڈ پریشر سمیت کئی امراض کا سبب بنتے ہیں تاہم اب اس کا ایک ایسا نقصان سامنے آیا ہے جسے جان کر آپ کی خوشی ضرور ماند پڑ جائے گی۔
امریکی ماہرینِ صحت کی نئی تحقیق کے مطابق میٹھے کاربونیٹڈ مشروبات کا مسلسل استعمال مردوں اور خواتین دونوں میں تولیدی صحت متاثر کر سکتا ہے جس سے والدین بننے کے امکانات کم ہو سکتے ہیں۔
تحقیق مطابق خوراک اور طرزِ زندگی نہ صرف عمومی صحت بلکہ تولیدی صلاحیت پر بھی نمایاں اثر ڈالتے ہیں۔
تحقیق بوسٹن یونیورسٹی اسکول آف پبلک ہیلتھ کے سائنس دانوں نے کی، جس میں امریکا اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے 21 سے 45 سال کی عمر کے 3,828 خواتین اور ان کے شریک حیات کو شامل کیا گیا۔ تحقیق کے دوران شرکاء کی خوراک، طرزِ زندگی اور طبی ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ خواتین سے ہر دو ماہ بعد سوالنامے کے ذریعے صحت اور حمل سے متعلق معلومات بھی حاصل کی گئیں۔
ایک سال تک جاری رہنے والے تجزیے کے بعد محققین نے پایا کہ جو افراد زیادہ مقدار میں سافٹ ڈرنکس استعمال کرتے ہیں ان میں ہر ماہ حمل ٹھہرنے یا والدین بننے کے امکانات تقریباً 20 فیصد تک کم ہو جاتے ہیں۔




















