پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے معاملے پر اپنا مطالبہ مزید وسیع کرتے ہوئے زائد ٹرن آؤٹ والے تمام پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے حکومتی وفد سے مذاکرات کے دوران مؤقف اختیار کیا کہ جن پولنگ اسٹیشنز پر 80 فیصد سے زائد ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا وہاں ری پولنگ کرائی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد نے پیپلز پارٹی کے مطالبے کو قیادت کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے تاہم اس سے قبل پیپلز پارٹی نے میرپور ڈویژن کے 4 حلقوں میں دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کیا تھا۔
پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق حکومت کو میرپور ڈویژن کے مذکورہ حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے شواہد بھی فراہم کیے گئے ہیں جن میں چوہدری یاسین، جاوید بڈھانوی، پرویز اشرف اور چوہدری اخلاق کے حلقے شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے حکومتی وفد کو انتخابات سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے اور مظفرآباد ڈویژن سمیت مہاجرین کی نشستوں پر بھی شفاف انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔















