راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 5 خوارج ہلاک ہوگئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن یکم اگست 2026 کو بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں بھارت کے سرپرست 5 خوارج ہلاک کردیے گئے جب کہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں میجر حافظ احسان الٰہی نے جوانوں کی قیادت اگلے مورچوں سے کرتے ہوئے بہادری سے مقابلہ کیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی کا تعلق ضلع میانوالی سے تھا، جنہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے خوارج سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں پر متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرست خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ وژن کے مطابق انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہر قیمت پر وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

















