راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ کامیاب آپریشن کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 30 اور 31 جولائی کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر نوشکی میں کارروائی کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کے بعد ٹارگٹڈ کارروائی کی جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 7 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا جب کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے موجود اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز بھی تباہ کردی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم پر قائم ہیں جب کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔

















