گلگت بلتستان میں واقع دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں شامل براڈ پیک پر سرچ اینڈ ریکوری آپریشن جاری ہے، جہاں ریسکیو ٹیموں نے تین کوہ پیماؤں کی لاشیں برآمد کر لی ہیں، جبکہ مزید لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل بھی جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گراؤنڈ ٹیم نے برآمد کی گئی لاشوں کو انتہائی دشوار گزار راستوں سے منتقل کرتے ہوئے کیمپ ون کی جانب روانہ کر دیا ہے، جہاں سے انہیں مزید نیچے منتقل کرنے کا آپریشن جاری ہے۔
آپریشن کے دوران نرمل پرجا (نمز دائی) کی لاش براڈ پیک سے برآمد کی گئی، جبکہ چینی کوہ پیما وانگ ژونگ کی لاش بھی ریکور کر لی گئی ہے۔ اس کے علاوہ نیما شیرپا اور کلی پیمبا شیرپا “کیلو” کی لاشیں بھی تلاش کر لی گئی ہیں۔
ریسکیو ٹیم نے بتایا کہ براڈ پیک کے بلند مقام پر ایک اور لاش کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے، تاہم شدید برف باری، خراب موسمی حالات اور خطرناک راستوں کے باعث فوری طور پر وہاں پہنچنا ممکن نہیں۔
ٹیم کے مطابق بلند مقام پر موجود لاش کی بازیابی انتہائی خطرناک مرحلہ ہے، جس کے لیے موسم اور زمینی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ محدود وسائل اور سخت موسمی صورتحال کے باوجود سرچ اینڈ ریکوری آپریشن جاری رکھا جائے گا تاکہ تمام متاثرہ کوہ پیماؤں کی بازیابی ممکن بنائی جا سکے۔














