Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فی الحال استعفیٰ دینے کا کوئی ارادہ نہیں، ایرانی صدر نے افواہیں مسترد کردیں

مسعود پزشکیان نے استعفے کی قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دے دیا

تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اپنے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ میں اپنے عہدے پر برقرار ہوں اور بطور صدر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتا رہوں گا۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کو حکومت کے دو سال مکمل ہونے کے موقع پر دیے گئے انٹرویو میں صدر پزشکیان نے کہا کہ اگر میں کبھی استعفیٰ دینے کا فیصلہ کروں گا تو اس کا اعلان خود کروں گا تاہم اس وقت میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔

انہوں نے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے ساتھ اختلافات کی خبروں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، مسلح افواج اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور مؤثر رابطہ موجود ہے۔

صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر جان بوجھ کر یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ حکومت اور سپریم لیڈر کے درمیان اختلافات ہیں حالانکہ ایسی اطلاعات حقیقت پر مبنی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری حکومت آئینی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ریاستی ادارے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں