اسلامی جمہوریہ ایران نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے سے اعلیٰ سطح کے سفارتی رابطے کرتے ہوئے امریکا کو مزید فوجی کارروائی سے گریز کرنے کا انتباہ دیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق عباس عراقچی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ترکیے کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے بھی الگ الگ گفتگو کی جس میں امریکا کے ساتھ بڑھتی کشیدگی اور علاقائی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اپنی قومی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہے اور امریکا کو کسی بھی مہم جوئی پر مبنی فوجی کارروائی سے باز رہنا چاہیے۔
عباس عراقچی کے آفیشل ٹیلی گرام چینل پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں تہران بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا۔



















