Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا نے خطے میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی، آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے، ٹرمپ کا دعویٰ

‘ایران نے امریکا کے خلاف کارروائی کی کوشش کی تو اسے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے’

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کو آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل ہے اور اس وقت کوئی دوسرا ملک اس اہم آبی گزرگاہ پر امریکا کے مقابلے میں مؤثر کنٹرول نہیں رکھتا۔

اوہائیو کے دورے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے ایران کی صورتحال کو بھی امریکا کے لیے سازگار قرار دیا اور کہا کہ ایران کے حوالے سے حالات ’’بالکل ٹھیک‘‘ سمت میں جا رہے ہیں۔

آبنائے ہرمز پر امریکی کنٹرول سے متعلق سوال کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اس اہم سمندری راستے کو مکمل طور پر کنٹرول کرتا ہے اور فی الحال کوئی دوسرا ملک اس پر مؤثر کنٹرول نہیں رکھتا۔

امریکی صدر نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر تہران نے کسی بھی مرحلے پر امریکا کے خلاف کارروائی کی کوشش کی تو اسے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ امریکا اس وقت خطے میں مضبوط پوزیشن میں ہے۔

ٹرمپ نے ایران کو مشرق وسطیٰ کی ایک دیرینہ طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران کئی دہائیوں سے خطے میں اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرتا آیا ہے تاہم موجودہ حالات میں صورتحال تبدیل ہو چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اب خطے میں ماضی جیسی بالادستی نہیں رکھتا جبکہ امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔

متعلقہ خبریں