کولمبیا میں تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں متعدد عارتیں منہدم ہوگئیں جب کہ 77 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کولمبیا کے مغربی علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں جب کہ 77 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
زلزلے کے شدید جھٹکے پڑوسی ملک ایکواڈور میں بھی محسوس کیے گئے، جہاں خوف کے باعث شہری گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
رپورٹس کے مطابق کولمبیا کے مغربی حصے میں 7.4 شدت کے زلزلے نے کئی علاقوں کو متاثر کیا ہے جس کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں۔
شہر کیلی کے میئر کے مطابق زلزلے کے باعث کم از کم 20 عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جب کہ کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کے لیے دارالحکومت بوگوٹا اور میڈیلین سے خصوصی امدادی ٹیمیں طلب کرلی گئی ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز چوکوا کے علاقے سان جوز ڈیل پالمر کی میونسپلٹی میں تھا جو کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا سے تقریباً 400 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔
زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ حکام نقصانات کا تخمینہ لگانے اور متاثرہ افراد کی مدد کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
حکام کے مطابق مزید معلومات جمع کی جارہی ہیں جب کہ متاثرہ علاقوں میں عمارتوں اور دیگر تنصیبات کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے۔




















