کراچی: میر رضا قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تفتیشی حکام نے پانچ کروڑ روپے سے زائد کے مبینہ قرضوں کی تفصیلات مرتب کرتے ہوئے 10 افراد کی فہرست تیار کر لی ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق فہرست میں شامل افراد سے میر رضا نے مختلف اوقات میں قرض لیا تھا۔ ان افراد اور قرضوں کی تفصیلات بھی مرتب کرلی گئی ہیں جنہیں تحقیقات کا حصہ بنایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا نے مبینہ طور پر عابد سے ایک کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد، مونی نامی شخص سے 5 لاکھ روپے، دانش سے 10 لاکھ روپے اور فرقان سے ساڑھے 7 لاکھ روپے قرض لے رکھا تھا۔
تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ اسد سے 26 لاکھ روپے جب کہ آصف سے 21 لاکھ روپے سے زائد رقم لی گئی تھی۔ اسی طرح احمد عثمان کے 30 لاکھ روپے، احسن نامی شخص کے 48 لاکھ روپے، مجتبیٰ کے 60 لاکھ روپے اور حسن کے 75 لاکھ روپے واجب الادا تھے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر 10 افراد سے پانچ کروڑ روپے سے زائد کے مبینہ قرضوں کا ریکارڈ مرتب کرلیا گیا ہے اور ان تمام افراد سے تحقیقات کے سلسلے میں پوچھ گچھ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

















