وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام مذہبی برادریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں جبکہ اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان سے لے کر ملکی تعمیر و ترقی اور دفاع تک اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم آفس میں اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے، مسیحی، ہندو، سکھ اور پارسی برادری سے تعلق رکھنے والے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے لیے ہمارے دلوں میں احترام ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان کے دوران قائداعظم محمد علی جناح کا ساتھ دے کر تعمیری کردار ادا کیا، جبکہ قائداعظم کا 11 اگست کا تاریخی خطاب آج پاکستان کے آئین کا حصہ ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر مذہب کے ماننے والوں کو بطور پاکستانی مساوی حقوق حاصل ہیں اقلیتوں نے ملک کی ترقی، تعلیم، معیشت اور مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
شہباز شریف نے کرسچن کمیونٹی کی تعلیمی میدان میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری نے جنگوں اور قومی تعمیر کے مراحل میں قربانیاں دی ہیں، خصوصاً ملکی دفاع کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید علوم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے پاکستان کو دنیا میں ایک نمایاں مقام دلانا ہے، جس کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ کسی کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے فروغ کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ دفاعی تعاون کا مقصد امن کے قیام اور باہمی ترقی کے مواقع کو بڑھانا ہے۔
















