ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی ڈوڈل کے ذریعے خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
گوگل نے اپنے خصوصی ڈوڈل میں اس بار آسمان پر پاکستانی پرچم کو لہراتے ہوئے پیش کیا ہے اس طرح ٹیکنالوجی کی دنیا میں بھی پاکستان کے یومِ آزادی کی جھلک نظر آرہی ہے۔
خیال رہے کہ گوگل دنیا کے مختلف ممالک کے قومی دنوں، تاریخی واقعات، اہم شخصیات، سائنسی کامیابیوں اور ثقافتی مواقع کو اپنے خصوصی ڈوڈل کے ذریعے نمایاں کرتا ہے۔
اسی روایت کو جاری رکھتے ہوئے آج 14 اگست کو پاکستان کے لیے بھی خصوصی ڈوڈل پیش کیا گیا ہے۔ رواں سال کا ڈیزائن پاکستانی پرچم کے تھیم پر مبنی ہے اور قومی دن کی مناسبت سے سبز و سفید شناخت کو نمایاں کرتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گوگل کی جانب سے پاکستان کے یومِ آزادی کو ڈوڈل کے ذریعے منانے کا سلسلہ نیا نہیں ہے۔ گزشتہ کئی برسوں کے دوران کمپنی پاکستان کے قومی دن پر مختلف ایسے ڈیزائن پیش کرتی رہی ہے جن میں ملک کی تاریخ، ثقافت، قدرت، فن اور فنِ تعمیر کو جگہ دی گئی۔
گوگل کے پاکستان سے متعلق ڈوڈلز کی تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو کبھی قومی پرچم، کبھی تاریخی عمارتیں اور کبھی پاکستان کی منفرد ثقافتی و قدرتی شناخت عالمی ڈیجیٹل اسکرین پر جگہ بناتی رہی ہے۔



















