Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میٹا نے 7 لاکھ فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیے

سوشل میڈیا کمپنی میٹا نے آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے 7 لاکھ 56 ہزار سے زائد فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق میٹا کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے تحت گزشتہ سال دسمبر سے رواں سال جون کے درمیان انسٹاگرام کے 4 لاکھ 62 ہزار جبکہ فیس بک کے 2 لاکھ 94 ہزار اکاؤنٹس معطل کیے گئے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹس کی نشاندہی کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی نظام استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ نظام صارفین کے پروفائل، سرگرمیوں اور پوسٹس کا جائزہ لے کر عمر کا اندازہ لگاتا ہے، جس میں سالگرہ کی مبارک باد کے پیغامات اور اسکول یا کلاس سے متعلق گفتگو بھی شامل ہے۔

آسٹریلیا نے بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت پر سوشل میڈیا کے ممکنہ منفی اثرات کے پیش نظر 16 سال سے کم عمر افراد کے لیے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کی ہے۔

تاہم سرکاری اعداد و شمار اور آزادانہ تحقیقات کے مطابق قانون کے نفاذ کے ابتدائی تین ماہ کے دوران بھی 16 سال سے کم عمر 80 فیصد سے زائد بچے کسی نہ کسی طریقے سے سوشل میڈیا استعمال کرتے رہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی انٹرنیٹ ریگولیٹر ان سوشل میڈیا کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی پر غور کر رہا ہے جنہوں نے مبینہ طور پر پابندی پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد نہیں کیا۔

آسٹریلوی حکومت نے قانون کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے لیے مجوزہ جرمانے کی زیادہ سے زیادہ رقم دوگنا کرکے تقریباً 9 کروڑ 90 لاکھ آسٹریلوی ڈالر کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔

اس معاملے پر آسٹریلوی پارلیمنٹ کی ایک کمیٹی کے سامنے میٹا، ٹک ٹاک، گوگل اور اسنیپ چیٹ سمیت بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندے اپنا مؤقف پیش کریں گے۔

میٹا نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ بچوں کے لیے محفوظ اور عمر کے مطابق آن لائن ماحول یقینی بنانے کے حکومتی مقصد سے متفق ہے اور قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے۔