Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

940 فٹ بلند شیشے کی لفٹ، بچوں کو عمودی چٹانیں چڑھنے سے نجات مل گئی

2022 میں یہاں ایک 268 میٹر بلند لفٹ بنائی گئی تھی۔ اب اس کے ساتھ ایک نئی 288 میٹر بلند ’’فویاؤ لیڈر‘‘ لفٹ بھی بنا دی گئی ہے۔

چین کے ایک دور دراز گاؤں میں بچوں کے لیے ایک نئی 940 فٹ بلند شیشے کی لفٹ بنائی گئی ہے تاکہ وہ اس لفٹ کے ذریعے پہاڑ پر واقع اسکول میں آسانی سے جاسکیں۔

پہلے بچوں کو اسکول جانے کے لیے خطرناک پہاڑی راستوں پر چڑھنا اور اترنا پڑتا تھا۔ یہ سفر آنے جانے میں تقریباً 6 گھنٹے لیتا تھا اب نئی لفٹ کی مدد سے یہ سفر تقریباً 30 منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے۔

یہ گاؤں چین کے صوبہ یون نان میں واقع ہے۔ یہاں نِژوہے گاؤں تقریباً 1,100 میٹر کی بلندی پر ہے جبکہ بچوں کا اسکول پہاڑ کی چوٹی پر تقریباً 1,650 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔

2022 میں یہاں ایک 268 میٹر بلند لفٹ بنائی گئی تھی۔ اب اس کے ساتھ ایک نئی 288 میٹر بلند ’’فویاؤ لیڈر‘‘ لفٹ بھی بنا دی گئی ہے۔

نئی لفٹ مکمل طور پر شیشے کی ہے اس لیے اس میں سفر کرنے والے لوگ 360 ڈگری زاویے سے پہاڑ اور وادی کے خوبصورت مناظر بھی دیکھ سکتے ہیں اس حیرت انگیز لفٹ کی رفتار تقریباً 5 میٹر فی سیکنڈ ہے۔

بچے پہلے ایک چھوٹی بس کے ذریعے لفٹ کے نیچے پہنچتے ہیں۔پھر لفٹ انہیں چند منٹ میں پہاڑ کے اوپر پہنچا دیتی ہے۔وہاں سے وہ تقریباً 5 منٹ کی کیبل کار کے ذریعے اسکول کے قریب پہنچتے ہیں۔اس طرح بچوں کا سفر پہلے کی نسبت بہت آسان، تیز اور محفوظ ہو گیا ہے۔دونوں لفٹیں مل کر ایک گھنٹے میں تقریباً 1,200 افراد کو لے جا سکتی ہیں۔

اس منصوبے کا ایک اہم مقصد یہ بھی ہے کہ دور دراز علاقے میں رہنے والے بچے وقت پر اسکول پہنچ سکیں اور انہیں خطرناک پہاڑی راستوں پر سفر نہ کرنا پڑے۔