سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں گزشتہ چند روز کے دوران خارجی دہشت گردوں کے خلاف متعدد کامیاب مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جن میں بھارتی پراکسیز کے 49 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کیے گئے آپریشنز کے دوران فتنۃ الخوارج کے 12 دہشت گرد مارے گئے۔ بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 37 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں کی جانے والی کارروائیوں میں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خیبرپختونخوا میں آپریشنز کے دوران بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈی ڈیٹونیٹنگ ریموٹس، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں، جبکہ بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، دھماکا خیز ڈرم اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات قبضے میں لیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برآمد ہونے والے دھماکا خیز مواد، اسلحے اور دیگر سامان کو موقع پر ہی تباہ کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں سے دہشت گرد نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچا اور ملک میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام بنادی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے سیکیورٹی فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے، جبکہ علاقے میں موجود دیگر بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملکی سرپرستی میں ہونے والی اسپانسرڈ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
















