لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کا آغاز بارش کی آنکھ مچولی کے ساتھ ہوا، تاہم ٹاس کے بعد پاکستان نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کرکے انگلش بیٹنگ لائن کو ابتدا ہی سے دباؤ میں لانے کی کوشش کی ہے۔
77 کے اسکور پر انگلش ٹیم کے چار بلے باز پویلین واپس لوٹ چکے ہیں، اس وقت 24 اوورز کا کھیل ہو چکا ہے جبکہ انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان کے میڈیم پیسر محمد عباس نے 3 جبکہ محمد علی نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کپتان بابر اعظم نے کہا کہ لارڈز میں موجود ابر آلود موسم اور پچ پر گھاس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ابتدائی اوورز میں انگلینڈ کے بلے بازوں کو مشکل میں ڈالنے کی کوشش کی جائے گی۔
بارش کے باعث ٹاس دو مرتبہ تاخیر کا شکار ہوا، جبکہ میچ کے دوران بھی وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث دونوں ٹیموں کے لیے حالات مزید چیلنجنگ رہنے کا امکان ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم کی واپسی ہوئی ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں قیادت کرنے والے سلمان علی آغا کو اس میچ کے لیے ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے کہا کہ اگر انہیں موقع ملتا تو وہ بھی پہلے بولنگ کرنے کو ترجیح دیتے۔ انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
جو روٹ کے مطابق لارڈز کی پچ اچھی دکھائی دے رہی ہے اور انگلینڈ کی کوشش ہوگی کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا مجموعہ کھڑا کیا جائے۔
بارش، ابر آلود موسم اور سازگار پچ کے باعث دوسرے ٹیسٹ کا پہلا مرحلہ دونوں ٹیموں کے لیے خاصا اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں پاکستانی فاسٹ بولرز کی ابتدائی اسپیل پر سب کی نظریں ہوں گی۔



















