برازیل کے لیجنڈری فٹبالر رونالڈینیو نے پروفیشنل فٹبال میں شاندار واپسی کا اعلان کردیا 11 سال بعد سابق بارسلونا اور اے سی میلان اسٹار ایک بار پھر فٹبال کے میدان میں نظر آئیں گے۔
46 سالہ رونالڈینیو جمعرات کو اٹلی پہنچ گئے، جہاں وہ اٹالین تھرڈ ڈویژن کلب ریوینا کی نمائندگی کریں گے۔ برازیلین اسٹار نے جون میں کلب کے ساتھ معاہدہ کیا تھا اور وہ کلب میں حصص بھی رکھتے ہیں۔
ریوینا کی جانب سے ٹیم کی پیشکش کی تقریب مرینا دی ریوینا کے ساحل پر منعقد ہوئی، جہاں ہزاروں شائقین نے اپنے نئے اسٹار کا شاندار استقبال کیا۔
کلب نے تصدیق کی ہے کہ رونالڈینیو کو باضابطہ طور پر بطور کھلاڑی رجسٹر کیا جائے گا، جس کے بعد وہ سیری اے تھری کے مقابلوں میں شرکت کے اہل ہوں گے۔
رونالڈینیو کی نظریں اپنے کیریئر کا 300واں گول مکمل کرنے پر بھی ہیں، تاہم ریوینا کی جانب سے ان کے ڈیبیو کی تاریخ ابھی طے نہیں کی گئی اور یہ بھی واضح نہیں کہ وہ ٹیم کیلئے کتنے میچز کھیلیں گے۔
اپنے 300ویں گول کے ممکنہ سنگ میل کے حوالے سے رونالڈینیو کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوا تو یہ ان کیلئے مزید خوبصورت لمحہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کلب کے صدر اور کوچ پر منحصر ہے، وہ دوستی کی وجہ سے یہاں آئے ہیں اور ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
ریوینا کے صدر اگنازیو چپریانی نے خواہش ظاہر کی کہ رونالڈینیو اپنے پروفیشنل کیریئر کا آخری گول بھی اسی کلب کی جانب سے کریں۔
رونالڈینیو پیر کو ریجانا کے خلاف ریوینا کے سیری اے تھری کے افتتاحی میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔
برازیلین اسٹار نے آخری مرتبہ 2015 میں فلومینینسی کی جانب سے پروفیشنل میچ کھیلا تھا جبکہ انہوں نے 2018 میں باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
رونالڈینیو برازیل کی 2002 ورلڈ کپ فاتح ٹیم کا حصہ رہے اور 2005 میں بیلن ڈی اور کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ انہوں نے بارسلونا کے ساتھ چیمپئنز لیگ اور اے سی میلان کے ساتھ سیری اے ٹائٹل بھی جیتا۔
ریوینا گزشتہ سیزن میں سیری اے تھری گروپ بی میں تیسرے نمبر پر رہی تھی اور اب کلب کی نظریں سیری بی میں واپسی پر ہیں، جہاں وہ آخری مرتبہ 2007-08 کے سیزن میں کھیلے تھے۔




















