پاکستانی اداکارہ رمشا خان نے اپنی بہن اور انفلوئنسر علیشا خان کی شادی کی تقریبات میں نمایاں طور پر نظر نہ آنے کی وجہ بتادی۔
حال ہی میں علیشا خان کی شادی کی تقریبات منعقد ہوئیں جن کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خاصی توجہ کا مرکز رہیں تاہم شادی کی تقریبات میں دلہن کی بہن رمشا خان اور ان کے شوہر اداکار خوشال خان کی غیر موجودگی مداحوں کی توجہ کا باعث بنی۔
رمشا خان اور خوشال خان کو شادی کی صرف ایک تقریب میں دیکھا گیا جہاں دونوں نے سادہ لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔ اس موقع پر دونوں نے ماسک اور چشمے کے ذریعے اپنی شناخت چھپانے کی کوشش بھی کی۔
View this post on Instagram
بعد ازاں شادی کی تقریب کے دوران ایک ٹی وی میزبان سے گفتگو میں رمشا خان نے اپنی نجی زندگی اور میڈیا سے دوری کے حوالے سے وضاحت کی۔
میزبان کے مطابق رمشا خان نے بتایا کہ ان کے شوہر کی جانب سے ان پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی گئی بلکہ وہ خود کیمرے کے سامنے آنے سے گریز کرنا چاہتی ہیں اور ’رمشا خان‘ کے نام سے ہیش ٹیگ بھی نہیں چاہتیں۔
میزبان نے مزید بتایا کہ رمشا خان اپنی موجودہ زندگی سے خوش ہیں اور ایک نجی فرد کی حیثیت سے زندگی گزارنا چاہتی ہیں۔ سب کو رمشا کی نجی زندگی اور ان کی خواہش کا احترام کرنا چاہیے۔

















