شمال مشرقی الجیریا میں شدید گرمی کے دوران جنگلات میں بھڑکنے والی آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے واقعات کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک جبکہ 54 زخمی ہوگئے۔
الجیریا اس وقت شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے جبکہ خشک موسم اور تیز ہواؤں کے باعث جنگلاتی آگ تیزی سے پھیل رہی ہے۔ خشک جھاڑیوں اور جنگلاتی نباتات کی موجودگی نے آگ پر قابو پانے کی کوششوں کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق الجیریا کے وزیر داخلہ سعید سیود نے بتایا کہ جنگلاتی آگ سے ہونے والی ہلاکتیں 3 صوبوں میں رپورٹ ہوئیں۔ صوبہ جیجل میں 5، بجایا میں 4 جبکہ تیزی وزو میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
وزیر داخلہ کے مطابق ایک ہی روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آگ لگنے کے 154 واقعات پیش آئے جن میں صوبہ بجایا سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 36 مقامات پر آتشزدگی کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ بجایا میں 18 مقامات پر آگ پر قابو پالیا گیا ہے جبکہ دیگر متاثرہ علاقوں میں فائر فائٹرز اور امدادی ٹیموں کی کارروائیاں جاری ہیں۔
آگ سے متاثرہ 54 افراد کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جن میں سے 6 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ حکام نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ شدید متاثرہ علاقوں سے متعدد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ بعض مقامات پر جنگلاتی آگ رہائشی آبادیوں کے قریب پہنچنے کے بعد شہریوں کو احتیاطی طور پر گھروں سے نکلنے کی ہدایت کی گئی۔

















