واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے وینزویلا کے ساتھ ہونے والے ایک معاہدے کے تحت 65 ارب بیرل سے زائد ثابت شدہ تیل کے ذخائر پر اکثریتی کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
ٹرمپ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں وینزویلا کے ساتھ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا تیل معاہدہ طے پانے کا اعلان کیا۔
امریکی صدر کے مطابق ان کی ہدایت پر وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگیز کے ساتھ مل کر نجی شعبے کی شراکت سے معاہدہ طے کیا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ معاہدے کے نتیجے میں امریکا کے تیل کے ذخائر دوگنا سے بھی زیادہ ہوجائیں گے جبکہ تیل کی رسد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ معاہدے کے اثرات مستقبل میں امریکی شہریوں کے لیے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں بھی سامنے آئیں گے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ معاہدہ وینزویلا کو معاشی کامیابی اور خوشحالی کی جانب لے جانے میں مددگار ثابت ہوگا جبکہ اس سے امریکا اور وینزویلا کے درمیان بہتر ہوتے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

















