وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سالوں پر محیط مشترکہ تاریخ، عقائد اور محبت کا رشتہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان، ترکیہ کے برادرانہ عوام اور حکومت کو یوم فتح کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 30 اگست غازی مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت میں ترک قوم کی عظیم کامیابی کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ 30 اگست کی فتح نے جدید ترکیہ کی بنیاد رکھی پاکستان ترکیہ کی قومی وراثت کی فتح کے جشن میں ترکیہ کے عوام کے ساتھ ہے۔
شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سالوں پر محیط مشترکہ تاریخ، عقائد اور محبت کا رشتہ ہے، مکہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کو سعودی عرب کے ہمراہ باہمی مزاحمت اور مشترکہ سیکیورٹی کے رشتے میں جوڑتا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ خوشحالی اور سیکیورٹی کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔


















