Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ڈونلڈ ٹرمپ مویشی منڈی پہنچ گئے، سیلفیاں لینے کے لیے لوگوں کا تانتا بندھ گیا، ویڈیو دیکھیں

سوشل میڈیا پر اس کی جھلکیاں تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں

بنگلا دیش میں ایک منفرد سفید بھینسا سوشل میڈیا پر ایسی دھوم مچا رہا ہے کہ لوگ اسے دیکھنے کیلئے دور دور سے فارم کا رخ کر رہے ہیں۔ سنہرے بالوں اور انوکھے انداز کی وجہ سے اس بھینسے کو ٹرمپ کا نام دیا گیا ہے جو اب انٹرنیٹ پر توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔

دارالحکومت ڈھاکا کے قریب نارائن گنج کے ایک فارم میں موجود یہ تقریباً 700 کلو وزنی البینو بھینسا اپنے غیرمعمولی بالوں کی وجہ سے سب کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔ فارم مالک ضیاء الدین مردھا کے مطابق ان کے بھائی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشہور ہیئر اسٹائل سے مشابہت پر اس کا نام ٹرمپ رکھا تھا۔

فارم پر آنے والے افراد اس انوکھے بھینسے کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بناتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر اس کی جھلکیاں تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

فارم انتظامیہ بھینسے کی خاص دیکھ بھال بھی کرتی ہے۔ اسے ٹھنڈے پانی سے نہلایا جاتا ہے اور پھر گلابی برش سے اس کے سنہرے بال سنوارے جاتے ہیں جو اس کے بڑے خم دار سینگوں کے ساتھ مزید نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق عیدالاضحیٰ سے قبل یہ بھینسا علاقے کی سب سے بڑی توجہ بن چکا ہے اور اب لوگ صرف اسے دیکھنے کیلئے فارم کا رخ کر رہے ہیں۔