Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش، انفلوئنسر کے گھرکا صفایا ہوگیا

یہ واقعہ بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ضلع شیوپوری میں ان کے گھر پر اس وقت پیش آیا جب رات کے وقت وہ اور ان کے اہلِ خانہ سو رہے تھے

بھارت کی ایک مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسر رچنا گجرجو اپنی جیولری اور نوٹوں کی نمائش کے لیے کافی شہرت رکھتی ہیں حال ہی میں چوروں نے ان کے گھر کا صفایا کردیا۔

رچنا گجر کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ضلع شیوپوری میں ان کے گھر پر اس وقت پیش آیا جب رات کے وقت وہ اور ان کے اہلِ خانہ سو رہے تھے چند نامعلوم افراد گھر کے اردگرد لگی باڑ کاٹ کر اندر داخل ہوگئے۔

چوروں نے پہلے اس کمرے کا دروازہ باہر سے بند کر دیا جس میں خاندان سو رہا تھا پھر گھر میں موجود قیمتی سامان کی تلاش شروع کر دی۔

صبح تقریباً 4 بجے رچنا اور ان کے شوہر کو شک ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے۔ جب انہوں نے دروازہ کھولنے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ وہ باہر سے بند ہے۔

بعد ازاں انہوں نے قریبی رشتہ داروں کو فون کیا جنہوں نے آ کر انہیں باہر نکالا۔ کمرے سے نکلنے کے بعد انہوں نے دیکھا کہ گھر کے مختلف حصوں کی تلاشی لی جا چکی تھی چور سونے اور چاندی کے زیورات، نقد رقم اور یہاں تک کہ انرجی ڈرنکس کا ایک کارٹن بھی لے گئے۔

رچنا گجر کے مطابق چوری ہونے والے سامان کی مالیت تقریباً 8  سے 10 لاکھ بھارتی روپے تھی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چوروں نے سی سی ٹی وی کیمروں کا رخ تبدیل کر دیا تھا تاکہ ان کے چہرے ریکارڈ نہ ہو سکیں۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ رچنا گجر کی سوشل میڈیا سرگرمیاں اس واردات کی ایک ممکنہ وجہ ہو سکتی ہیں کیونکہ وہ اکثر اپنے گھر کے اندر سے ویڈیوز بنا کر زیورات اور نقد رقم اپنے تقریباً ایک لاکھ فالوورز کو دکھاتی تھیں