Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کے سولر اور چینی کمپنی کے درمیان پاکستان میں ونڈ اور بیٹری انرجی منصوبوں کے فروغ پر معاہدہ

اس اشتراک کے تحت پاکستان میں بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز کے مقامی اسمبلی پلانٹ کے قیام کی بنیاد رکھی جائے گی۔

کراچی: کے سولر اور چین کی منگ یانگ سمارٹ انرجی کے درمیان پاکستان میں ونڈ انرجی اور بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے گئے۔

کے سولر کے مطابق معاہدے کے تحت دونوں ادارے ونڈ پاور منصوبوں، بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز (BESS) کی مارکیٹنگ، فراہمی اور مالی معاونت کے شعبوں میں مشترکہ طور پر کام کریں گے۔

اس اشتراک کے تحت پاکستان میں بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز کے مقامی اسمبلی پلانٹ کے قیام کی بنیاد رکھی جائے گی جس سے مقامی سطح پر جدید توانائی ذخیرہ کرنے کی ٹیکنالوجی کی دستیابی میں اضافہ متوقع ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ منگ یانگ اسمارٹ انرجی پاکستان میں ونڈ ٹربائنز، متعلقہ برقی آلات اور مقامی اسمبلی کی صلاحیتوں کے فروغ میں بھی تعاون فراہم کرے گی تاکہ قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں مقامی صنعتی استعداد کو مضبوط بنایا جاسکے۔

کےسولر نے بتایا کہ یہ شراکت داری پاکستان کی صاف، قابلِ اعتماد اور کم لاگت توانائی کی جانب منتقلی کو مزید تقویت دے گی جب کہ عالمی معیار کی ٹیکنالوجی اور مقامی مالیاتی سہولیات کا امتزاج ملک میں قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کو تیز کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ کے سولر (پرائیویٹ) لمیٹڈ، کے-الیکٹرک کی سرمایہ کاری کمپنی کے ای وینچرز کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کا مکمل ملکیتی ذیلی ادارہ ہے۔